Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

خوشی کی حد غموں کی انتہا معلوم ہوتی ہے

منیر بھوپالی

خوشی کی حد غموں کی انتہا معلوم ہوتی ہے

خدا جانے محبت کیا ہے کیا معلوم ہوتی ہے

جہاں کا ذرہ ذرہ یوں تو زیر حکم فطرت ہے

مگر یہ حسن کی دنیا جدا معلوم ہوتی ہے

توقع ان کے آنے کی نہ امید اجل پھر کیوں

ہر اک حسرت تبسم آشنا معلوم ہوتی ہے

بڑی ہلچل مچی ہے آج دل والوں کی دنیا میں

تری نظروں میں شان التجا معلوم ہوتی ہے

ثنائے حسن توصیف ادا تعریف دل جوئی

یہ سب تمہید عرض مدعا معلوم ہوتی ہے

یہ تکمیل محبت ہے کہ توفیق خداوندی

مجھے ہر انتہا اب ابتدا معلوم ہوتی ہے

اگر مائل بہ پستی ہے محبت عبد عاصی ہے

جو اس کی رفعتیں دیکھو خدا معلوم ہوتی ہے

بس اے چشم تلطف بس کہ درد آشنا ہو کر

مرے جذبات سے ناآشنا معلوم ہوتی ہے

محبت ایک ہے لیکن اثر ضدین رکھتی ہے

کہیں رہزن کسی جا رہنما معلوم ہوتی ہے

جگر ٹکڑے ہوا جاتا ہے ہر آواز پر اس کی

منیرؔ بے نوا کی یہ صدا معلوم ہوتی ہے