Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دراز اتنا مری قید کا زمانہ تھا

ناطق لکھنوی

دراز اتنا مری قید کا زمانہ تھا

کہ وہ چمن نہ رہا جس میں آشیانہ تھا

بہائے اشک جو اس نے یہ اک بہانہ تھا

کہ خوں بہا کو مرے خاک میں ملانا تھا

بلا سے جان گئی انتظار میں میری

مجھے تو آپ کا اک وعدہ آزمانا تھا

جفائے چرخ ضروری تھی عشق سے پہلے

کہ اپنے دل کا مجھے زور آزمانا تھا

اب انتظار تمہارا میں اور کیا کرتا

ہوئی تھی دیر بہت مجھ کو دور جانا تھا

جہاں ہم آج غریب الدیار ہیں ناطقؔ

اسی دیار میں اپنا غریب خانہ تھا