Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

در مے خانہ سے دیوار چمن تک پہنچے

سراج الدین ظفر

در مے خانہ سے دیوار چمن تک پہنچے

ہم غزالوں کے تعاقب میں ختن تک پہنچے

ہاتھ مے خواروں کے بے قصد اٹھے تھے لیکن

اتفاقاً ترے گیسو کی شکن تک پہنچے

مدرسے میں کہاں اس زلف کا موضوع جدید

لوگ پہنچے تو روایات کہن تک پہنچے

راستہ ایک تھا ہم عشق کے دیوانوں کا

قد و گیسو سے چلے دار و رسن تک پہنچے

آئیں ہم دست درازی پہ تو میخانے سے

سلسلہ انجمن سرو و سمن تک پہنچے

اک قبائے سبک و تنگ میں سو سو ہیں طلسم

کیا کوئی حسن کے اسرار کہن تک پہنچے

آپ ہی آپ جو کھل جائے تری زلف دراز

ناگہاں بے ہنری نقطۂ فن تک پہنچے

اے سخن فہم ہم اس بزم سے آئے ہیں جہاں

حیرت آئینۂ اسلوب سخن تک پہنچے

اس طرح شوق غزالاں میں غزل خواں ہو ظفر

شہرت مشک غزل شہر ختن تک پہنچے