Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

درد دل اپنا سنانا چاہئے

سید ہمایوں میرزا حقیر

درد دل اپنا سنانا چاہئے

ہنسنے والوں کو رلانا چاہئے

کوئے قاتل میں جو ہونی ہو سو ہو

بے تکلف آنا جانا چاہئے

تیغ ابرو کے شہیدوں کے لئے

آخری خلعت شہانہ چاہئے

گر قدم رکھنا ہے کوئے یار میں

زندگی سے ہاتھ اٹھانا چاہئے

کیا کہوں بیدردیٔ صیاد عشق

اس کے پھندے میں نہ آنا چاہئے

ہم جو بیٹھیں تو کہاں جز کوئے دوست

کوئی اپنا بھی ٹھکانا چاہئے

رنج دے کر خوش نہیں رہتا کوئی

کیوں کسی کا دل دکھانا چاہئے

قصۂ فرہاد و مجنوں ہو جہاں

کچھ تو اپنا بھی فسانا چاہئے

دیکھنا ہے گر بہار باغ عشق

خون کے آنسو بہانا چاہئے

یار کے در کی ہے چھانی جس نے خاک

اس کو سر پر خاک اڑانا چاہئے

جاگ کے کیوں سو گئے پھر اے حقیرؔ

کیا تمہیں ہر دم جگانا چاہئے