Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دشت پیمائی کا گر قصد مکرر ہوگا

بھارتیندو ہریش چندر

دشت پیمائی کا گر قصد مکرر ہوگا

ہر سر خار پئے آبلہ نشتر ہوگا

مے کدے سے ترا دیوانہ جو باہر ہوگا

ایک میں شیشہ اور اک ہاتھ میں ساغر ہوگا

حلقۂ چشم صنم لکھ کے یہ کہتا ہے قلم

بس کہ مرکز سے قدم اپنا نہ باہر ہوگا

دل نہ دینا کبھی ان سنگ دلوں کو یارو

چور ہووے گا جو شیشہ تہہ پتھر ہوگا

دیکھ لیتا وہ اگر رخ کی تجلی تیرے

آئنہ خانۂ مایوسی میں ششدر ہوگا

چاک کر ڈالوں گا دامان کفن وحشت سے

آستیں سے نہ مرا ہاتھ جو باہر ہوگا

اے رساؔ جیسا ہے برگشتہ زمانہ ہم سے

ایسا برگشتہ کسی کا نہ مقدر ہوگا