Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دشمن کی بات جب تری محفل میں رہ گئی

رسا رامپوری

دشمن کی بات جب تری محفل میں رہ گئی

امید یاس بن کے مرے دل میں رہ گئی

تو ہم سے چھپ گیا تو تری شکل دل فریب

تصویر بن کے آئینۂ دل میں رہ گئی

نکلا وہاں سے میں تو مرے دل کی آرزو

سر پیٹتی ہوئی تری محفل میں رہ گئی

دیکھا جو قتل عام تو ہر لاش پر اجل

اک آہ بھر کے کوچۂ قاتل میں رہ گئی

میں کیا کہوں رساؔ کہ مرے دل پہ کیا بنی

تلوار کھچ کے جب کف قاتل میں رہ گئی