Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دکھلا دو نقش پائے رسول امین کو

عبدالرحمان احسان دہلوی

دکھلا دو نقش پائے رسول امین کو

تا مشق سجدہ ہو مرے لوح جبین کو

اے آہ دل جو جاوے تو عرش برین کو

کہیو سلام عیسیٰ گردوں نشین کو

بل بے شرار اشک کی گرمی کہ اب تلک

اک آگ لگ رہی ہے مری آستین کو

تھا میں کمین بوسہ میں بولے اسی لیے

اشراف منہ لگاتے نہیں ہیں کمین کو

جب میں ہنسوں گا آپ سے رو دیجئے گا نہ

پھر تم بہت ہو چھیڑتے اس کمترین کو

کہتی ہو کیا رقیب کو بھیجوں بتا صلاح

لعنت ہی بھیجئے گا یزید لعین کو

دیکھوں ہوں گر الف کو تو اے دل ہزار بار

کرتا ہوں یاد تیرے قد دل نشین کو

آوے نظر جو لام تو آوے خیال زلف

جب سین پڑھ کے دیکھوں ہوں دنداں مسین کو

کرتا ہوں تیری الفت دنداں میں سین سین

یاں تک کہ پہنچا ہوں میں دم واپسین کو

تبدیل بحر سے وہ غزل پڑھ بآب و تاب

احساںؔ خوشی ہو جس سے دل سامعین کو