Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دیکھے اگر یہ گرمئ بازار آفتاب

حسن بریلوی

دیکھے اگر یہ گرمئ بازار آفتاب

سر بیچ کر ہو تیرا خریدار آفتاب

وہ حسن خود فروش اگر بے نقاب ہو

مہتاب مشتری ہو خریدار آفتاب

پوشیدہ گیسوؤں میں ہوا روئے پر ضیا

ہے آج میہمان شب تار آفتاب

اس کی تجلیوں سے کرے کون ہم سری

ہو جس کے نقش پا سے نمودار آفتاب

احباب کو حسنؔ وہ چمکتی غزل سنا

ہر لفظ سے ہو جس کے نمودار آفتاب