Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ذرہ بھی اگر رنگ خدائی نہیں دیتا

آغا شاعر قزلباش

ذرہ بھی اگر رنگ خدائی نہیں دیتا

اندھا ہے تجھے کچھ بھی دکھائی نہیں دیتا

دل کی بری عادت ہے جو مٹتا ہے بتوں پر

واللہ میں ان کو تو برائی نہیں دیتا

کس طرح جوانی میں چلوں راہ پہ ناصح

یہ عمر ہی ایسی ہے سجھائی نہیں دیتا

گرتا ہے اسی وقت بشر منہ کے بل آ کر

جب تیرے سوا کوئی دکھائی نہیں دیتا

سن کر مری فریاد وہ یہ کہتے ہیں شاعرؔ

اس طرح تو کوئی بھی دہائی نہیں دیتا