Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ذرا سی مشق کرے بے ضمیر بن جائے

رزمی صدیقی

ذرا سی مشق کرے بے ضمیر بن جائے

تو کیا عجب ہے کہ انساں وزیر بن جائے

جو کام چور ہو بچے کرائے پر لے لے

انہیں صدائیں سکھا لے فقیر بن جائے

جوان رند جو ہو روزگار سے محروم

مرید مجمع کرے اور پیر بن جائے

کچھ اشتہار ہوں کچھ پگڑیاں اچھالنے کو

یہ خاکسار بھی پھر تو مدیر بن جائے

وہ بدگماں ہیں ولایت کی لڑکیوں سے بہت

ہے ڈر انہیں کہ نہ شوہر سفیر بن جائے