Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دے دیں ابھی کرے جو کوئی خوب رو پسند

نسیم بھرتپوری

دے دیں ابھی کرے جو کوئی خوب رو پسند

ہم کو نہیں پسند دل آرزو پسند

مانند اشک خاک میں آخر ملا دیا

آئی نہ آسماں کو مری آبرو پسند

تم نے وہاں رقیب کو پہلو میں دی جگہ

یاں رہ گیا تڑپ کے دل آرزو پسند

عشاق سے وہ پوچھتے ہیں تیغ تول کر

ہے زخم سر پسند کہ زخم گلو پسند

قربان اس ادا کے وہ کہتے ہیں اے نسیمؔ

آیا ہے عاشقوں میں ہمیں ایک تو پسند