Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ذلت ہے جو پھیلائے بشر پیش دگر ہاتھ

Pandit Daya Shankar Naseem Lakhnawi (1811–1845)

ذلت ہے جو پھیلائے بشر پیش دگر ہاتھ

یا رب نہ کبھی ہاتھ کا ہو دست نگر ہاتھ

پنجہ کریں خورشید سے بیداروں کی پلکیں

فرقت کی شب آ جائے جو دامان سحر ہاتھ

ہیں صاحب سر پنجہ رئیسوں کو نچاتے

سر پر جو پڑے چوٹ تو ہوتا ہے سپر ہاتھ

جی میں ہے کہوں ان سے کہ ہوں دست گرفتہ

وہ سن کے خجل ہوں جو کہیں لاؤ ادھر ہاتھ

کیا دزد حنا ہاتھ لگا سیم بروں کو

دل ہاتھ سے لے جاتا ہے چوری سے وہ ہر ہاتھ

خورشید کے پنجے سے اشارہ ہے کہ عاقل

اللہ کی جانب کو اٹھا وقت سحر ہاتھ