Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

ذرا وصل پر ہو اشارہ تمہارا

Dagh Dehlvi (1831–1905)

ذرا وصل پر ہو اشارہ تمہارا

ابھی فیصلہ ہے ہمارا تمہارا

بتو دین و دنیا میں کافی ہے مجھ کو

خدا کا بھروسہ سہارا تمہارا

محبت کے دعوے ملے خاک میں سب

وہ کہتے ہیں کیا ہے اجارہ تمہارا

رکاوٹ نہ ہوتی تو دل ایک ہوتا

تمہارا ہمارا ہمارا تمہارا

نکل کر مرے گھر سے یہ جان لو تم

نہ ہوگا کسی گھر گزارہ تمہارا

سنا ہے کسی اور کو چاہتا ہے

وہ دشمن ہمارا وہ پیارا تمہارا

کریں گے سفارش ہم اے داغؔ ان سے

اگر ذکر آیا دوبارہ تمہارا