Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

دیدہ ہے کہیں دل کہیں اور جان کہیں اور

منتظر لکھنوی

دیدہ ہے کہیں دل کہیں اور جان کہیں اور

بیٹھا تو ہوں یاں پر ہے مرا دھیان کہیں اور

کیوں سیر گلستاں کو ہم اس کوچہ سے جاویں

لگتا ہی نہیں دل کسی عنوان کہیں اور

دنیا میں گو مشکل کوئی آساں نہیں ہوتی

شاید کہ ہو مشکل مری آسان کہیں اور

فریاد کو جی چاہے تو جز کوچۂ جاناں

جانا نہ کبھی اے دل نادان کہیں اور

ہے طرفہ کہ تجھ سا نہ مرا دوست ہو ناصح

اور جاؤں سلانے میں گریبان کہیں اور

جس شہر میں ہم رہتے ہیں ہے جائے طلسمات

ایسی تو پری ہوں گی نہ انسان کہیں اور

اے منتظرؔ اس زلف کا تو چھیڑ نہ قصہ

ہو جاوے ترا دل نہ پریشان کہیں اور