Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

راس آیا ہے مجھے وحشت میں مر جانا مرا

رسا رامپوری

راس آیا ہے مجھے وحشت میں مر جانا مرا

وہ مجھے روئے یہ کہہ کر ہائے دیوانا مرا

غیر کو ساقی نے جب بھر کر دیا جام شراب

آنسوؤں سے ہو گیا لبریز پیمانا مرا

میرے رونے پر وہ ان کا مسکرانا بار بار

اور بلائیں لے کے وہ قدموں پہ گر جانا مرا

حضرت ناصح کی باتیں میں سمجھتا ہی نہیں

نا سمجھ ہیں دل لگی سمجھے ہیں سمجھانا مرا

اے رساؔ وہ بھی شریک محفل ماتم ہوئے

خضر بھی مرتے ہیں جس پر وہ ہے مر جانا مرا