Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

رات کے بعد وہ صبح کہاں ہے دن کے بعد وہ شام کہاں

مختار صدیقی

رات کے بعد وہ صبح کہاں ہے دن کے بعد وہ شام کہاں

جو آشفتہ سری ہے مقدر اس میں قید مقام کہاں

بھیگی رات ہے سونی گھڑیاں اب وہ جلوۂ عام تمام

بندھن توڑ کے جاؤں لیکن اے دل اے ناکام کہاں

اب وہ حسرت رسوا بن کر جزو حیات ہے برسوں سے

جس سے وحشت کرتے تھے تم اب وہ خیال خام کہاں

زیست کی رہ میں اب ہم بے حس تنہا سر بہ گریباں ہیں

کچھ آلام کا ساتھ ہوا تھا وہ بھی نافرجام کہاں

کرنی کرتے راہیں تکتے ہم نے عمر گنوائی ہے

خوبی قسمت ڈھونڈ کے ہاری ہم ایسے ناکام کہاں

اپنے حال کو جان کے ہم نے فقر کا دامن تھاما ہے

جن داموں یہ دنیا ملتی اتنے ہمارے دام کہاں