Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

آپ کیا ایک ستم گار بنے بیٹھے ہیں

مرزا مائل دہلوی

آپ کیا ایک ستم گار بنے بیٹھے ہیں

غیر بھی تو مرے غم خوار بنے بیٹھے ہیں

واعظوں کی بھی یہ توقیر ہے اللہ اللہ

پاسبان در خمار بنے بیٹھے ہیں

چشم ہے آب رواں سینے میں داغوں کی بہار

ہم بھی اک تختہ گل زار بنے بیٹھے ہیں

پوچھتے ہیں وہ مجھی سے یہ غضب تو دیکھو

آپ بھی طالب دیدار بنے بیٹھے ہیں

دل ربائی کے یہ انداز غضب ہیں تیرے

کہ ہوس پیشہ خریدار بنے بیٹھے ہیں