Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

رنج کی جب گفتگو ہونے لگی

Dagh Dehlvi (1831–1905)

رنج کی جب گفتگو ہونے لگی

آپ سے تم تم سے تو ہونے لگی

چاہیئے پیغام بر دونوں طرف

لطف کیا جب دوبدو ہونے لگی

میری رسوائی کی نوبت آ گئی

ان کی شہرت کو بہ کو ہونے لگی

ہے تری تصویر کتنی بے حجاب

ہر کسی کے رو بہ رو ہونے لگی

غیر کے ہوتے بھلا اے شام وصل

کیوں ہمارے رو بہ رو ہونے لگی

ناامیدی بڑھ گئی ہے اس قدر

آرزو کی آرزو ہونے لگی

اب کے مل کر دیکھیے کیا رنگ ہو

پھر ہماری جستجو ہونے لگی

داغؔ اترائے ہوئے پھرتے ہیں آج

شاید ان کی آبرو ہونے لگی