Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

آنے کو نظر میں مری سو فتنہ گر آئے

رسا رامپوری

آنے کو نظر میں مری سو فتنہ گر آئے

تجھ سا نظر آیا ہے نہ تجھ سا نظر آئے

کھل جائے بھرم ضبط محبت کا نہ ان پر

ڈرتا ہوں کہیں آنکھ میں آنسو نہ بھر آئے

مے خانے پہ کیا ابر ہے چھایا ہوا یارب

جلوے تری رحمت کے یہاں بھی نظر آئے

کرتا ہوں دعائیں تو یہ آتی ہیں ندائیں

تو ہو کسی قابل تو دعا میں اثر آئے

کرتا ہے وہی دل میں رساؔ کے جو ٹھنی ہے

سمجھانے کو سمجھاتے ہیں سب اپنے پرائے