Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

رنج میں بھی شاد رہنا چاہئے

ہاجر دہلوی

رنج میں بھی شاد رہنا چاہئے

یہ مقولہ یاد رہنا چاہئے

ہجر میں ناشاد رہنا چاہئے

خستہ و برباد رہنا چاہئے

سن ہی لیں گے وہ کبھی فریاد غم

برسر فریاد رہنا چاہئے

خود بخود ہو جائیں گے وہ مہرباں

طالب بیداد رہنا چاہئے

کس لئے پھنستا ہے اے دل زلف میں

قید سے آزاد رہنا چاہئے

خواہ سر پر آسماں بھی آ پڑے

آدمی کو شاد رہنا چاہئے

چھوٹ کر ہم نے قفس سے یہ کہا

کچھ ستم صیاد رہنا چاہئے

چھوڑ کر دل آپ جاتے ہیں کہاں

یہ مکاں آباد رہنا چاہئے

وعدہ تو ہم سے کئے جاتے ہو تم

شرط یہ ہے یاد رہنا چاہئے

رحم آ ہی جائے گا ہاجرؔ انہیں

عشق میں برباد رہنا چاہئے