Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

سامنا ہے نگاہ قاتل کا

نواب امراوبہادر دلیر

سامنا ہے نگاہ قاتل کا

دیکھنا حوصلہ مرے دل کا

ہائے کہنا ادا سے قاتل کا

ہم کو دکھلاؤ رقص بسمل کا

چلے منہ پھیر کر وہ مقتل سے

حال دیکھا گیا نہ بسمل کا

جوش وحشت میں تیرا دیوانہ

کیوں نہ مشتاق ہو سلاسل کا

کھینچ کر ان کو میرے گھر لایا

اثر آخر کو جذب کامل کا

شیخ خاموش ہو خدا کے لئے

ذکر رندوں میں کیا مسائل کا

کاش وہ چٹکیاں ہی لیں آ کر

مشغلہ کچھ تو ہو دکھے دل کا

بوسہ دے ڈالو حسن کی خیرات

رد نہ کیجے سوال سائل کا

اے صبا کر بھی قیس پر احسان

تو ہی پردہ اٹھا دے محمل کا

شک تھا مٹی کا نہ ہو عاشق کے

عطر کیوں کر وہ سونگھتے گل کا

نزع میں بھی دلیرؔ آئے نہ وہ

رہ گیا دل میں حوصلہ دل کا