Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

سب ماسوائے عشق فریب سراب ہے

سراج الدین ظفر

سب ماسوائے عشق فریب سراب ہے

میں بھی ہوں خواب میری جوانی بھی خواب ہے

ہے بوئے گل کہیں کہیں رنگ شراب ہے

ہر چیز میں شریک کسی کا شباب ہے

میری نظر سوال ہے اور برملا سوال

ان کی نظر جواب ہے اور لا جواب ہے

دل کارزار عشق و وفا میں ہے پیش پیش

طوفاں کے سامنے ہے اگرچہ حباب ہے

شمع جمال دوست کی اف رے تجلیاں

کونین ایک دائرہ التہاب ہے

وہ حسن انتخاب جہاں ہے اگر تو ہو

میری بھی دو جہاں میں نظر انتخاب ہے

آزاد دو جہاں ہوں سلامت غرور عشق

اب میری بے خودی بھی خودی کا جواب ہے

عرفان دل نہیں تجھے اے شکوہ سنج دوست

اس آئنے میں راز شہود و حجاب ہے

اک حسن بے نیاز جہاں تھا وہیں رہا

ورنہ ہر انقلاب کے بعد انقلاب ہے

دنیائے عشق دیر نہیں ہے حرم نہیں

یہ سرزمیں ورائے جہان خراب ہے

طوفاں کی ٹھوکروں میں ہمیشہ سے ہوں ظفرؔ

وہ شمع ہوں ہواؤں میں جو شعلہ تاب ہے