Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

سب سے تم اچھے ہو تم سے مری قسمت اچھی

Dagh Dehlvi (1831–1905)

سب سے تم اچھے ہو تم سے مری قسمت اچھی

یہی کم بخت دکھا دیتی ہے صورت اچھی

حسن معشوق سے بھی حسن سخن ہے کم یاب

ایک ہوتی ہے ہزاروں میں طبیعت اچھی

میری تصویر بھی دیکھی تو کہا شرما کر

یہ برا شخص ہے اس کی نہیں نیت اچھی

کس صفائی سے کیا وصل کا تو نے انکار

اس محل پر تو زباں میں تری لکنت اچھی

جو ہو آغاز میں بہتر وہ خوشی ہے بد تر

جس کا انجام ہو اچھا وہ مصیبت اچھی

تم بتاؤ تو سہی مہر و محبت کے گواہ

ایسے دعوے میں تو جھوٹی ہی شہادت اچھی

زور و زر سے بھی کہیں داغؔ حسیں ملتے ہیں

اپنے نزدیک تو ہے سب سے اطاعت اچھی