Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

آپ دل کھول کر بیداد پہ بیداد کریں

میرزا الطاف حسین عالم لکھنوی

آپ دل کھول کر بیداد پہ بیداد کریں

اور ہم ضبط سے لیں کام نہ فریاد کریں

حشر میں اس کی نظر ہو گئی نیچی ہم سے

ہو سکے جن سے وہ اب شکوۂ جلاد کریں

کچھ تو فرمائیے انصاف اگر ہے کوئی چیز

آپ کو دل سے بھلائیں تو کسے یاد کریں

دل بے تاب سنبھلتا ہی نہیں سینے میں

ایک مظلوم کی اب آپ کچھ امداد کریں

آج اک قبر پہ عالمؔ یہ لکھا دیکھا تھا

ساکن گلشن ہستی نہ مجھے یاد کریں