Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

زندگی نام ہے جس چیز کا کیا ہوتی ہے

شیر سنگھ ناز دہلوی

زندگی نام ہے جس چیز کا کیا ہوتی ہے

چلتی پھرتی یہ زمانے کی ہوا ہوتی ہے

سیر دنیا کی نہ کچھ یاد خدا ہوتی ہے

عمر انہیں جھگڑوں میں تاراج فنا ہوتی ہے

روح جب قالب خاکی سے جدا ہوتی ہے

کس کو معلوم کہاں جاتی ہے کیا ہوتی ہے

فکر دنیا سے سوا ہو جسے عقبیٰ کا خیال

وہ طبیعت ہی زمانے سے جدا ہوتی ہے

دل پر غم ابھی بن جائے دوائے تسکین

وہ نظر ڈال جو مانوس وفا ہوتی ہے

صادق القول کی پہچان یہی ہے اے نازؔ

دل میں ڈر ہوتا ہے آنکھوں میں حیا ہوتی ہے