Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

آئینہ خود نمائی ان کو سکھا رہا ہے

رسا رامپوری

آئینہ خود نمائی ان کو سکھا رہا ہے

کیا قہر کر رہا ہے کیا ظلم ڈھا رہا ہے

آنسو بہا رہا ہے وہ سوز دل پہ میرے

خود ہی لگا کے ظالم خود ہی بجھا رہا ہے

ان کو تو ہم نے چاہا وہ یوں ستا رہے ہیں

اے چرخ کینہ پرور تو کیوں ستا رہا ہے

آزردہ غیر سے ہیں لیتا ہوں میں بلائیں

روٹھے ہیں وہ کسی سے کوئی منا رہا ہے

کوچے میں ان بتوں نے رہنے دیا نہ شاید

سنتے ہیں اب رساؔ بھی کعبے کو جا رہا ہے