Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

سرخ چشم اتنی کہیں ہوتی ہے بیداری سے

نواب محمد یار خاں امیر

سرخ چشم اتنی کہیں ہوتی ہے بیداری سے

لہو اترا ہے تری آنکھوں میں خوں خواری سے

وقت رخصت کے ترے اے مرے جی کے دشمن

تھام تھام آج رکھا دل کو میں کس خواری سے

بس میں آیا جو تمہارے اسے چاہو سو کرو

کیا ستم آدمی سہتا نہیں لاچاری سے

کس نے نظروں میں خدا جانے اسے مل ڈالا

نرگس آج آنکھ اٹھاتی نہیں بیماری سے

کیا کہوں ولولۂ شوق کو تیرے میں امیرؔ

گھر میں جاتے ہیں پرائے تو خبرداری سے