Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

سو کی اک بات میں کہی تو ہے

Mir Hasan (1727–1786)

سو کی اک بات میں کہی تو ہے

یعنی جو کچھ کہ ہے وہی تو ہے

دید وا دیدہ کو غنیمت جان

حاصل زندگی یہی تو ہے

تیرے دیدار کے لئے یہ دیکھ

جان آنکھوں میں آ رہی تو ہے

ڈھ گیا ہو نہ خانۂ دل آج

سیل خوں چشم سے بہی تو ہے

واں بھی راحت ہو یا نہ ہو دیکھیں

اک مصیبت یہاں سہی تو ہے

مجھ سا عریاں کہاں ہے گل اس کے

رنگ کے بر میں اک یہی تو ہے

تیرے احوال سے حسنؔ بارے

اس کو تھوڑی سی آگہی تو ہے