Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

سنگ در بن کر بھی کیا حسرت مرے دل میں نہیں

احسن مارہروی

سنگ در بن کر بھی کیا حسرت مرے دل میں نہیں

تیرے قدموں میں ہوں لیکن تیری محفل میں نہیں

راہ الفت کا نشاں یہ ہے کہ وہ ہے بے نشاں

جادہ کیسا نقش پا تک کوئی منزل میں نہیں

کھو چکے رو رو کے گھر باہر کی ساری کائنات

اشک کیسے آنکھ میں اب خون بھی دل میں نہیں

بزم آرائی سے پہلے دیکھ او نادان دیکھ

کون ہے محفل میں تیری کون محفل میں نہیں

پوچھتا ہے آرزو احسنؔ کی تو کیا بار بار

تیرے ملنے کے سوا کوئی ہوس دل میں نہیں