Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

سو حشر میں لیے دل حسرت مآب میں

احسن مارہروی

سو حشر میں لیے دل حسرت مآب میں

آباد ہو رہا ہوں جہان خراب میں

ہم اپنی بے قراری دل سے ہیں بے قرار

آمیزش سکوں ہے اس اضطراب میں

اب سیر گل کہاں، دل رنگیں نظر کہاں

اک خواب تھا جو دیکھ لیا تھا شباب میں

بڑھ بڑھ کے چھپ رہے ہیں پس پردہ بار بار

کیا کیا تکلفات ہیں ترک حجاب میں

احسنؔ دل ان کو دو مگر اتنا تو پوچھ لو

لیتے ہو تم یہ نقد رقم کس حساب میں