Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

آئے ہیں فاتحہ کو وہ گیسو سنوار کے

نشتر چھپروی

آئے ہیں فاتحہ کو وہ گیسو سنوار کے

چمکے نصیب آج ہمارے مزار کے

دیکھو کرشمے رحمت پروردگار کے

کیا آڑے آئی حشر میں مجھ شرمسار کے

تصویر بن گئے ہیں وہ ذکر وصال پر

قربان جائیے نگۂ شرمسار کے

رونے لگے وہ دیکھ کے حال زبوں مرا

احسان مجھ پہ ہیں ستم روزگار کے

تسکین خاک بادۂ کوثر سے ہو انہیں

جن کو مزے ہوں یاد مے خوش گوار کے

کہتے نہ تھے کہ آپ تغافل نہ کیجئے

اب کیوں گلے ہیں نالۂ بے اختیار کے

سونے دے شور حشر ذرا چین سے ہمیں

جاگے ہوئے بہت ہیں شب انتظار کے

ہشیار کر دیا کسی غفلت شعار کو

ممنون ہم ہیں نالۂ بے اختیار کے

صیاد بال و پر مرے اب کاٹتا ہے کیوں

دن تو گزر چکے ہیں ستم گر بہار کے

جھنجھلا کے بول اٹھے کہ لے رکھ تو اپنا دل

جھگڑے مجھے پسند نہیں بار بار کے

آئینہ لے کے زلف گرہ گیر دیکھ لیں

پوچھیں سبب نہ آپ مرے انتشار کے

سرگرم سیر وہ ہیں ادھر لالہ زار میں

لالے ادھر پڑے ہیں دل داغدار کے

شامت سوار ہو نہ کہیں تجھ پہ واعظا

یوں پیچھے تو پڑا ہے جو ہر بادہ خوار کے

بے اختیار پہلوئے دشمن سے وہ اٹھے

تھے شعبدے یہ نالۂ بے اختیار کے

نشترؔ تمہارا ضبط فغاں بے سبب نہیں

عاشق ضرور تم ہو کسی پردہ دار کے