Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

سیر دنیا سے غرض تھی محو دنیا کر دیا

پنڈت ہری چند اختر

سیر دنیا سے غرض تھی محو دنیا کر دیا

میں نے کیا چاہا مرے اللہ نے کیا کر دیا

روکنے والا نہ تھا کوئی خدا کو اس لیے

جو کچھ آیا اس کے جی میں بے محابا کر دیا

ہاں اسی کم بخت دل نے کر دیا افشائے راز

ہاں اسی کم بخت دل نے مجھ کو رسوا کر دیا

عشق جا ان تیری باتوں میں نہیں آنے کے ہم

اچھے اچھوں کو جہاں میں تو نے رسوا کر دیا

زندگی بیٹھی تھی اپنے حسن پر بھولی ہوئی

موت نے آتے ہی سارا رنگ پھیکا کر دیا

حسن نے پہلے تو سب مجھ پر حقیقت کھول دی

اور پھر خاموش رہنے کا اشارا کر دیا

حسن کو پہنا چکے جب خود نمائی کا لباس

عشق نے سر پیٹ کر پوچھا کہ یہ کیا کر دیا