Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

آئے ہیں بادہ نوش بڑی آن بان پر

پیر شیر محمد عاجز

آئے ہیں بادہ نوش بڑی آن بان پر

میلہ لگا ہے پیر مغاں کی دکان پر

ساقی عطا ہو اب مجھے ساغر شراب کا

چھائی ہوئی ہے کیسی گھٹا آسمان پر

روتے ہیں تیرے عشق میں اے رشک ماہ جب

کرتے ہیں لوگ خندہ ہماری فغان پر

پیدا ہوا اثر نہ کبھی میری آہ میں

کھایا نہ اس نے رحم کبھی بے زبان پر

اے کاش یہ نصیب کریں اتنی یاوری

پہنچوں کبھی میں شب کو تمہارے مکان پر

کس شان سے وہ آج گئے ہیں عدو کے گھر

مجھ سے بگڑ کے پہنچے ہیں وہ آسمان پر

اللہ شب فراق میں وہ آہ و زاریاں

ہر وقت صدمے کیسے ہیں مجھ نیم جان پر

لکھا جو خط شوق انہیں میں نے ہجر میں

رونے لگے رقیب بھی میرے بیان پر

یا رب ترے ہی فضل کا امیدوار ہوں

کھاتا نہیں ہے رحم کوئی ناتوان پر

ہر دم ترے فراق میں پھرتا ہوں سو بہ سو

لاکھوں بلائیں آتی ہیں عاجزؔ کی جان پر