Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

سہارا دے نہیں سکتے شکستہ پاؤں کو

اختر انصاری اکبرآبادی

سہارا دے نہیں سکتے شکستہ پاؤں کو

ہٹاؤ راہ محبت سے رہنماؤں کو

بنا رہا ہوں حسیں اور مہ لقاؤں کو

سجا رہا ہوں میں آفاق کی فضاؤں کو

نظر نظر سے ملاتا ہوں مسکراتا ہوں

جنوں کی شان دکھاتا ہوں دل رباؤں کو

قدم قدم پہ نئے انقلاب رقصاں ہیں

دعائیں دیتے ہیں ہم آپ کی اداؤں کو

ملا جو دامن ساحل تو ایسی موج آئی

سفینے سونپ دئیے ہم نے ناخداؤں کو

نگاہ پھیرنے والوں سے پوچھتا ہوں میں

تم آزماؤ گے کب تک مری وفاؤں کو

ابھی تو دشت و دمن میں بہار آئی ہے

ابھی چمن میں کھلانے ہیں گل ہواؤں کو

چلے ہیں جانب دار و رسن خراباتی

گنہ کا رنگ دکھانا ہے پارساؤں کو

ہر ایک لمحۂ نو کا اب احترام کرو

نیا پیام دو اخترؔ نئی فضاؤں کو