Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

شراب خون جگر ہے ہم کو شراب ہم لے کے کیا کریں گے

امداد امام اثر

شراب خون جگر ہے ہم کو شراب ہم لے کے کیا کریں گے

گزک کی جا ہے دل برشتہ کباب ہم لے کے کیا کریں گے

ہزار پردہ میں تم چھپاؤ پہ حسن چھپتا نہیں مری جاں

تمہارے عارض یہ کہہ رہے ہیں نقاب ہم لے کے کیا کریں گے

ہمارے نقد دل و جگر کو حساب کے بعد پھیر دیں گے

حساب لینے کا ان سے حاصل حساب ہم لے کے کیا کریں گے

ہمیں جو بھیجا ہے تم نے مصحف تو یار حرف آشنا نہیں ہم

دکھاؤ اپنا رخ کتابی کتاب ہم لے کے کیا کریں گے

بتوں کی الفت سے بعض آئیں مگر جو دل مان جائے واعظ

عذاب میں جان پڑ گئی ہے ثواب ہم لے کے کیا کریں گے

جو منع کرتا ہے دل نہ دیں گے بتوں کو ناصح مگر خدارا

بتا دے تو ہی کہ اس طرح کا عذاب ہم لے کے کیا کریں گے

خدا کی بخشی ہوئی ہے وقعت اثرؔ نہیں کوئی ایسی نعمت

ملی ہے جب عزت سیادت خطاب ہم لے کے کیا کریں گے