Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

شب جوش گریہ تھا مجھے یاد شراب میں

مفتی صدر الدین خان آزردہ

شب جوش گریہ تھا مجھے یاد شراب میں

تھا غرق میں تصور آتش سے آب میں

یا رب وہ خواب حق میں مرے خواب مرگ ہو

آوے وہ مست خواب اگر میرے خواب میں

یا رب یہ کس نے چہرے سے الٹا نقاب جو

سو رخنے اب نکلنے لگے آفتاب میں

کیا عقل محتسب کی کہ لایا ہے کھینچ کر

سودا زدوں کو محکمۂ احتساب میں

ہم جان و دل کو دے چکے موہوم امید پر

اب ہو سو ہو ڈبو دے یہ کشتی شراب میں

کچھ بھی لگی نہ رکھی ڈبو دی رہی سہی

دل کو نہ ڈالنا تھا سوال و جواب میں

الفت میں ان کی اب تو ہے جانوں کی پڑ گئی

دل کس شمار میں ہے جگر کس حساب میں

تھے جستجو میں روز ازل جائے درد کی

آیا پسند دل مرا اس انتخاب میں