Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

شاعر

میکش حیدرآبادی

تو فقط جسم کے زخموں پہ تڑپ جاتا ہے

میں ہر اک قلب میں سو زخم نہاں پاتا ہوں

تو فقط رنگ کا دیوانہ ہے بو کا شیدا

میں رگ گل میں بھی بلبل کا لہو پاتا ہوں

تو فقط دل کی تڑپ رکھتا ہے سینے میں نہاں

میں تڑپتا بھی ہوں اور تجھ کو بھی تڑپاتا ہوں

تو فقط چلتا ہے منزل تجھے معلوم نہیں

میں تجھے راہ عمل بیٹھ کے دکھلاتا ہوں

تجھ کو انسان کی باتیں بھی سمجھنا ہے محال

میں ہر اک شے میں تکلم کی ادا پاتا ہوں

مسجد و منبر و محراب کا پابند ہے تو

میں ہر اک ذرہ میں تنویر خدا پاتا ہوں