Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

شوخ تھے رنگ ہر اک دور میں افسانوں کے

مختار صدیقی

شوخ تھے رنگ ہر اک دور میں افسانوں کے

دل دھڑکتے ہی رہے آس میں انسانوں کے

علم نے خیر نہ چاہی کبھی انسانوں کی

ذرے برباد یونہی تو نہیں ویرانوں کے

راہیں شہروں سے گزرتی رہیں ویرانوں کی

نقش ملتے رہے کعبے میں صنم خانوں کے

زندگی والہ و شیدا رہی فرزانوں کی

نام روشن ہوئے ہر دور میں دیوانوں کے

مریمی مورد تہمت رہی ارمانوں کی

ٹکڑے اک دفتر الزام ہیں دامانوں کے

فکر سب کو ہے رفو کے لیے سامانوں کی

پوچھتا کوئی نہیں حال گریبانوں کے

قدر کچھ کم تو نہیں اب بھی تن آسانوں کی

روز و شب آج بھی بھاری ہیں گراں جانوں کے