Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

شمع روشن ہے ہماری آہ سے

Dagh Dehlvi (1831–1905)

شمع روشن ہے ہماری آہ سے

لو لگائے بیٹھے ہیں اللہ سے

چلتے ہیں کیا کیا وہ رستہ کاٹ کر

جب گزرتے ہیں ہماری راہ سے

کیوں نہ رکھوں میں تبرک کی طرح

غم ملا ہے عشق کی درگاہ سے

ایک بوسہ پر ہمیں ٹالیں نہ آپ

کچھ علاوہ دیجئے تنخواہ سے

مانگ کر تجھ کو بہت نادم ہوا

مانگنا تھا اور کچھ اللہ سے

خوب صورت ہو کے تم لڑنے لگے

بحث ہے دن رات مہر و ماہ سے

تو نے واعظ زندگی دشوار کی

کیوں کیا واقف خدا کی راہ سے