Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

صبح دم روتی جو تیری بزم سے جاتی ہے شمع

امداد امام اثر

صبح دم روتی جو تیری بزم سے جاتی ہے شمع

صاف میرے سوز غم کا رنگ دکھلاتی ہے شمع

جس طرح کالے کے من کے روبرو گل ہو چراغ

دیکھ کر تعویذ زلف یار بجھ جاتی ہے شمع

صرف پروانہ ادب سے دم بخود رہتا نہیں

تیرے رعب حسن سے محفل میں تھراتی ہے شمع

گھیر لیتے ہیں تجھے پروانے اس کو چھوڑ کر

جس میں تو ہو کب فروغ اس بزم میں پاتی ہے شمع

کاربند عدل ہوتے ہیں جو ہیں روشن دماغ

بزم میں ہر سمت یکساں نور پہنچاتی ہے شمع

پردۂ فانوس سے باہر نہیں رکھتی قدم

روبرو تیرے رخ روشن کے شرماتی ہے شمع

جائے گریہ صحبت اہل تماشا ہے اثرؔ

ہے بجا روتی ہوئی جو بزم میں آتی ہے شمع