Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

صدقے ترے ہوتے ہیں سورج بھی ستارے بھی

ناطق لکھنوی

صدقے ترے ہوتے ہیں سورج بھی ستارے بھی

ہم کس سے کہیں دل ہے سینے میں ہمارے بھی

تا صبح گرے آنسو اور آنکھ نہیں جھپکی

اس بات کے شاہد ہیں ڈوبے ہوئے تارے بھی

دل کھو کے ملا ہم کو جو کچھ وہ بہت کچھ ہے

اس عشق کی بازی میں ہم جیتے بھی ہارے بھی

جو کچھ تھا مرے دل میں میں نے تو کہا تم سے

اب تم بھی کہو جو کچھ ہے دل میں تمہارے بھی

کیوں بحر محبت میں ہے خوف اجل ناطقؔ

مرنے کو تو مرتے ہیں دریا کے کنارے بھی