Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

صمد کو سراپا صنم دیکھتے ہیں

ساحر دہلوی

صمد کو سراپا صنم دیکھتے ہیں

مسمیٰ کو اسما میں ہم دیکھتے ہیں

تجھے کیف مستی میں ہم دیکھتے ہیں

ثلاثہ نظر کا عدم دیکھتے ہیں

ترا حسن اوصاف ہم دیکھتے ہیں

فنا میں بقا دم بدم دیکھتے ہیں

جو ہیں خالی و پر سے سرمست نغمہ

ہم آہنگیٔ کیف و کم دیکھتے ہیں

نظر گاہ تیری ہے آئینہ دل

تجھے حیرتی ہو کے ہم دیکھتے ہیں

فنا ہے فنا مقتضائے محبت

تقاضائے الفت کو ہم دیکھتے ہیں

غبار دل و دیدہ جو پاک کر دے

ہم اس اشک شبنم کو یم دیکھتے ہیں

اٹھا جب سے پندار ہستی کا پردہ

تجھے نور وحدت میں ہم دیکھتے ہیں

مکین مکاں لا مکانی ہے ساحرؔ

ہم انداز دیر و حرم دیکھتے ہیں