Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

شکوہ اپنے طالعوں کی نارسائی کا کروں

بیاں احسن اللہ خان

شکوہ اپنے طالعوں کی نارسائی کا کروں

یا گلہ اے شوخ تیری بے وفائی کا کروں

وہ کہ اک مدت تلک جس کو بھلا کہتا رہا

آہ اب کس منہ سے ذکر اس کی برائی کا کروں

آب زمزم سے میں دھو لوں اپنی پیشانی کے تئیں

در پہ تب اس کے ارادہ جبہہ سائی کا کروں

خوب سی تنبیہ کرنا اے جدائی تو مجھے

گر کسی سے پھر کبھی قصد آشنائی کا کروں

گر مسخر ہووے وہ خورشید رو میرا بیاںؔ

بادشاہی کیا کہ میں دعویٰ خدائی کا کروں