Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

عشاق تیرے سب تھے پر زار تھا سو میں تھا

میر سوز

عشاق تیرے سب تھے پر زار تھا سو میں تھا

جگ کے خرابہ اندر اک خوار تھا سو میں تھا

داخل شہیدوں میں تو لوہو لگا کے سب تھے

شمشیر ناز سے پر افگار تھا سو میں تھا

سنبل کے پیچ میں دل تیرے نہ تھا کسی کا

نرگس کا ایک تیری بیمار تھا سو میں تھا

تجھ گھر میں عرض مطلب کس کی نہ تھا زباں پر

در پر جو تیرے نقش دیوار تھا سو میں تھا

داغ محبت اے گل جب تھا ترا نہ جگ میں

داغوں سے جس کا سینہ گلزار تھا سو میں تھا

گو عشق کے تمہارے عشاق اب مقر ہیں

اول زباں پہ جس کی اقرار تھا سو میں تھا

تجھ عشق میں نصیحت سب یار مانتے تھے

ناصح کے پر سخن سے بے زار تھا سو میں تھا

اس مے کدے میں گاہے اے سوزؔ ہم نہ بہکے

سب مست و بے خبر تھے ہشیار تھا سو میں تھا