Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

عاشقو پاؤں نہ اکھڑے وہیں ٹھہرے رہنا

شاہ اکبر داناپوری

عاشقو پاؤں نہ اکھڑے وہیں ٹھہرے رہنا

پردہ اٹھتا ہے رخ یار سے سنبھلے رہنا

عرش پر سے بھی تمہیں کھینچ کے لے آئے گی

کشش عاشق بیتاب سے بچتے رہنا

تڑپ اٹھا دل بے تاب کسی عاشق کا

یہ مرا فرض ہے کہہ دیتا ہوں بچتے رہنا

ڈوب کر بحر محبت میں نکلنا کیسا

پار ہونے کی تمنا ہے تو ڈوبے رہنا

معرکے سے نہیں ہٹتا کوئی عاشق پیچھے

سر ہتھیلی پہ دھرے آگے ہی بڑھتے رہنا

نظر آ جائے جو وہ توبہ شکن اے اکبرؔ

دل کو ہاتھوں سے دبائے ہوئے بیٹھے رہنا