Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

آہ میں کچھ نظر آئی نہ اثر کی صورت

منشی شیو پرشاد وہبی

آہ میں کچھ نظر آئی نہ اثر کی صورت

یہ وہ ہے نخل کہ دیکھی نہ ثمر کی صورت

اپنی آغوش میں وہ ماہ لقا شام سے ہے

یا الٰہی نظر آئے نہ سحر کی صورت

جوش آیا نہ مرے دل کی طرح سے اس کو

ابر برسا نہ کبھی دیدۂ تر کی صورت

کر دیا ہے غم فرقت نے مجھے زار ایسا

گم ہوں نظروں سے مگر ان کی کمر کی صورت

سرخ رو میں جو ہوا نقد شہادت پا کر

رو سیہ ہو گئے اغیار سپر کی صورت

پھر فرشتے نہ کبھی حور کی صورت دیکھیں

دیکھ پائیں جو مرے رشک قمر کی صورت

پھولنے پھلنے کی امید تھی وہبیؔ اک دن

کر دیا عشق نے اب خشک شجر کی صورت