Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

عدو پر لطف ہے ہم پر جفا ہے

ہاجر دہلوی

عدو پر لطف ہے ہم پر جفا ہے

مری جاں کیا یہی رسم وفا ہے

ستم ایجاد تیری کیا خطا ہے

مری تقدیر ہی مجھ سے خفا ہے

ہم اپنے حال کے قربان جائیں

وہ فرماتے ہیں تم کو کیا ہوا ہے

ترے در پر جبیں سائی سے حاصل

کہیں تقدیر کا لکھا مٹا ہے

تمہاری کاکل پیچاں سے الجھوں

مرا بیٹھے بٹھائے سر پھرا ہے

تصور کی فسوں کاری تو دیکھو

وہ گویا سامنے بیٹھا ہوا ہے

عبث کرتے ہو تکلیف مداوا

مریض غم کہیں جان بر ہوا ہے

وہ سن کر کہتے ہیں فریاد ہاجرؔ

کسی ٹوٹے ہوئے دل کی صدا ہے