Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

علمائے زندانی

شبلی نعمانی

مساجد کی حفاظت کے لیے پولس کی حاجت ہے

خدا کو آپ نے مشکور فرمایا عنایت ہے

عجب کیا ہے کہ اب ہر شاہراہ سے یہ صدا آئے

مجھے بھی کم سے کم اک غسل خانہ کی ضرورت ہے

پنہائی جا رہی ہیں عالمان دیں کو زنجیریں

یہ زیور سید سجاد عالی کی وراثت ہے

یہی دس بیس اگر ہیں کشتگان خنجر اندازی

تو مجھ کو سستی بازوئے قاتل کی شکایت ہے

شہیدان وفا کے قطرۂ خوں کام آئیں گے

عروس مسجد زیبا کو افشاں کی ضرورت ہے

عجب کیا ہے جو نوخیزوں نے سب سے پہلے جانیں دیں

کہ یہ بچے ہیں ان کو جلد سو جانے کی عادت ہے

شہیدان وفا کی خاک سے آئی ہیں آوازیں

کہ شبلی بمبئی میں رہ کے محروم سعادت ہے