Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

عشوہ ہے ناز ہے غمزہ ہے ادا ہے کیا ہے

بیاں احسن اللہ خان

عشوہ ہے ناز ہے غمزہ ہے ادا ہے کیا ہے

قہر ہے سحر ہے جادو ہے بلا ہے کیا ہے

یار سے میری جو کرتے ہیں سفارش اغیار

مکر ہے عذر ہے قابو ہے دغا ہے کیا ہے

تجھ کو کس نام سے اے فخر مرے یاد کروں

باپ ہے پیر ہے مرشد ہے خدا ہے کیا ہے

تم جو بے وجہ سناتے ہو مری جان مجھے

خوب ہے نیک ہے بہتر ہے بھلا ہے کیا ہے

روبرو اس کے کبھو بات نہ سدھری ہم سے

حلم ہے چین ہے دہشت ہے حیا ہے کیا ہے

نظم کو سن کے مری ہنس کے یہ بولا وہ شوخ

مدح ہے شکر ہے شکوہ ہے گلہ ہے کیا ہے

یہ جو اس شوخ پہ کرتا ہے بیاںؔ جان نثار

خبط ہے عشق ہے سودا ہے وفا ہے کیا ہے