Arooz is now on the App Store, for iPhone and iPad. Download

عمر پس ماندہ کچھ دلیل سی ہے

Mushafi Ghulam Hamdani (1751–1824)

عمر پس ماندہ کچھ دلیل سی ہے

زندگانی بھی اب قلیل سی ہے

گریہ کرتا ہوں کیا میں نذر حسین

آنسوؤں کی جو اک سبیل سی ہے

چل دلا وہ پتنگ اڑاتا ہے

ابھی آنے میں اس کے ڈھیل سی ہے

لوگ کرتے ہیں وصف نور جہاں

میں نے دیکھا وہ زن تو فیل سی ہے

کس کے مژگاں نے یہ کیا جادو

میرے دل میں گڑی جو کیل سی ہے

تو گر آوے شکار ماہی کو

چشم تر آنسوؤں سے جھیل سی ہے

اس کو صحبت کا گر دماغ نہیں

طبع اپنی بھی کچھ علیل سی ہے

دل مرا مصر حسن ہے تب تو

ندی آنکھوں کی رود نیل سی ہے

ہے جو یہ مصحفیؔ کی ہم خوابہ

ہے تو اچھی پہ کچھ اصیل سی ہے